انقرہ،28مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکا کے وزیر خارجہ ریکس ٹِلرسن جمعرات تیس مارچ سے ترکی کا دورہ شروع کریں گے۔ امریکی وزارت خارجہ کے مطابق اس دوران ٹلرسن ترک صدر رجب طیب ایردوآن سے ملاقات کریں گے، جس میں شام کی جنگی صورت حال کے موضوع کو فوقیت حاصل رہے گی۔ امریکی وزیر خارجہ ترک قیادت کے ساتھ شامی شہر الرقہ کی بازیابی کی جنگ کو بھی خاص طور پر زیر بحث لانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ الرقہ کا قبضہ چھڑانے کے لیے امریکی حمایت یافتہ سیرین ڈیموکریٹک فورسز اس وقت داعش کے ساتھ جھڑپوں میں مصروف ہیں۔ الرقہ کو جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ (داعش) نے اپنا انتظامی ہیڈکوارٹرز قرار دے رکھا ہے۔ امریکی حکام الرقہ کی بازیابی کی عسکری مہم انتہائی پیچیدہ اور مشکل خیال کرتے ہیں۔